پڈ عیدن،ٹرک اور کار میں تصادم سے 3افراد جاں بحق

69

پڈعیدن (نمائندہ جسارت) مہران ہائی وے پر سوئی گیس کے مقام پر تیز رفتار ٹرک اور کار میں خوفناک تصادم،زچگی کے لئے جانے والی ایک ہی خاندان کی خواتین سمیت تین افراد جاں بحق، ٹرک ڈرائیور فرار،دن کے اوقات میں پابندی کے باوجود ہیوی ٹریفک چھوڑنے پر ورثا کا احتجاج،لاشیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق مہران ہائی وے پر سوئی گیس کے مقام پر تیز رفتار ٹرک اور کار میں خوفناک تصادم ہو گیا جس کے نتیجے میں کار میں سوار دو خواتین سمیت تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع پر اہل علاقہ اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال پہنچایا جہاں پر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دو خواتین کائنات بی بی زوجہ منصور شر اور حضوراں بی بی زوجہ صالح شر اور ڈرائیور بشیر احمد شر جاں بحق ہوگئے جبکہ ٹرک ڈرائیور موقع سے ٹرک سمیت فرار ہونے میں گامیاب ہو گیا،اطلاعات کے مطابق بدنصیب خاندان خاتون کائنات بی بی کی زچگی کے لئے اسے اسپتال لے جاریے تھے کہ اچانک حادثہ کا شکار ہو گئے،متوفی خاندان گائوں میر علی شر کے رہائشی بتائے جاتے ہیں پولیس نے ضروری کاروائی کے بعد تینوں لاشیں ورثا کے حوالے کردیں جبکہ فرار ٹرک ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے،لاشیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا ایک گھر سے تین جنازے اٹھنے پر پورا گائوں سوگوار ہو گیا اور ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔اس موقع پر ورثا نے احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ دن کے اوقات میں مہران ہائی وے پر ہیوی ٹریفک پر پابندی ہونے کے باوجود انتظامیہ بڑی گاڑیوں کو مہران ہائی وے پر جانے کی اجازت دے دیتی ہے جس کے باعث حادثات معمول بن گئے ہیں۔ انہوں نے آئی جی سندھ ڈی، آئی جی سکھر ایس ایس پی خیرپور سے مطالبہ کیا ہے کہ دن کے اوقات میں مہران ہائی وے پر ہیوی ٹریفک کو نہ چھوڑا جائے اور لوگوں کی زندگیاں بچائی جاسکیں۔