لاڑکانہ ،بلدیہ یونین کے عہدیداران کا احتجاج و بھوک ہڑتال

53

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت)کراچی کے ملازمین سے ناروا سلوک اور ادائیگیاں نہ ہونے پر لاڑکانہ میں بلدیہ یونین کے عہدیداران کا احتجاج و بھوک ہڑتال ،بلاول زرداری اور وزیر اعلیٰ سے مدد کرنے کی اپیل کردی۔لاڑکانہ میں محنت کش لیبر یونین میونسپل کارپوریشن لاڑکانہ کی جانب سے لوکل گورنمنٹ کراچی کے 2500 ریٹائرڈ ملازمین کو گزشتہ 17 مہینوں سے گریجویٹی اور پنشن نہ ملنے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی، جو پریس کلب کے سامنے مظاہرے کی صورت میں اختتام پذیر ہوئی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈز اٹھا کر ملازمین کے حقوق کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔مظاہرے کے دوران ملازم رہنماؤں صدر قلندر بخش شاہانی، جنرل سیکرٹری شام لعل کرارا، بشیر احمد جوکھیواور مختار علی جتوئی ودیگر نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کراچی کی مختلف ٹی ایم ایز سے ریٹائرڈ ہونے والے 2500 ملازمین کو گزشتہ 17 مہینوں سے گریجویٹی اور پنشن سے محروم رکھا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ریٹائرڈ ملازمین اور ان کے گھر والے فاقہ کشی کا شکار ہو گئے ہیں۔ اس ظلم کے خلاف گزشتہ دنوں ملازمین نے اپنے حقوق کے حصول کے لئے ایم اے جناح روڈ کراچی پر دھرنا دیااور شہر کے مختلف علاقوں میں بھوک ہڑتالی کیمپ بھی قائم کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان ملازمین کی مکمل حمایت کرتے ہیںاور پی پی پی چیئرمین بلاول زرداری، سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ، لوکل گورنمنٹ کے صوبائی وزیر سمیت دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں اور کراچی کے ریٹائرڈ لوکل گورنمنٹ کے ملازمین کو گریجویٹی اور پنشن ادا کریں، بصورت دیگر ہم سندھ بھر میں دفاتر کے تالے لگا کر احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے۔