نواب شاہ (نمائندہ جسارت) گزشتہ روز گجرواہ پل پر نوجوان خستہ حال پل سے گر کر جاں بحق ہو گیا، طویل عرصے سے تبلیغی جماعت کے مرکز کو جانے والا پل ناقص تعمیرات اور غیر معیاری میٹریل کے استعمال کی وجہ سے سانگھڑ روڈ سے متصل گجرواہ پل مخدوش ہو گیا ہے، کئی مقامات سے بری طرح سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کے باوجود انتظامیہ کسی بڑے سانحے کا انتظار کرنے لگی، پل کی مرمت نہ کرنے کی وجہ سے شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری اس جانب توجہ دیتے ہوئے اس کی تعمیر کرے تاکہ کسی بڑے سانحے سے بچا جا سکے، گجرواہ نہر کے پل سے ملحقہ آبادی بھی شدید تحفظات کا شکار نظر آتی ہے، ملحقہ آبادی کے مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر اس پل سے سب سے زیادہ نقصان ہوا تو وہ گرد و نواح میں رہنے والی آبادی کو ہو گا، اس سلسلے میں اخبارات الیکٹرانک میڈیا اور سوشل میڈیا پر مخدوش صورتحال پر خبریں چلنے کے باوجود نہ تو محکمہ آبپاشی نے توجہ دی ہے اور نہ ہی میونسپل کارپوریشن اور ضلعی انتظامیہ نے کوئی عملی اقدام اُٹھایا ہے، گجرواہ نہر شہر کی ہی نہیں بلکہ دور دراز کی قیمتی زمینوں کو سیراب کرتی ہے، پل پر کسی بھی وقت حادثے کی وجہ سے تمام قیمتی زمین شدید متاثر ہوں گی جبکہ ٹریفک کے آنے اور جانے کی وجہ یہ پل مرکزی کردار ادا کرتا ہے وہ بھی شدید متاثر ہو گا جس کے باعث شہریوں کو اذیت کا سامنا اُٹھانا پڑے گا۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ تبلیغی جماعت کے مرکز کو جانے والے اس پل کی مخدوش صورتحال کی وجہ ہر جمعرات کو جو اجتماع ہوتا ہے اب اس گزر گار سے عوام نہیں جاتی بلکہ متبادل دور دراز کا سفر طے کر کے اجتماع گاہ پہنچ پاتی ہے، پل پر لائٹ نہ لگنے کی وجوہات بھی سامنے آئی ہیں۔ اس سلسلے میں جب ضلعی انتظامیہ کے افسران سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں تاہم ابھی پیش رفت نہیں ہوئی لیکن ہماری کوشش ہوگی کہ اس پر جلد کارروائی عمل میں لاکر اس کی تعمیر کی جائے۔