کوٹری کی رہائشی خاتون بیٹے کی بازیابی کیلیے حیدرآباد پریس کلب پہنچ گئی

39

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) کوٹری کے علاقے خدا کی بستی کے بروہی چوک سے 18 روز قبل دوستوں کے ساتھ جانے والے 13 سالہ لڑکے کی پراسرار گمشدگی اور اس کی بازیابی کے لیے لڑکے کی والدہ مسمات رشیدہ زوجہ محمد شفیع نے حیدرآباد پریس کلب پہنچ کر احتجاج کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ میرا 13 سالہ بیٹا فیضان راجپوت گزشتہ 11 نومبر کو اپنے دوستوں رمیز اور اویس کے ساتھ گھر سے گیا تھا جو اب تک واپس نہیں آیا جس کی اطلاع ہم نے متعلقہ تھانے کی پولیس کو دی لیکن پولیس نے اب تک بیٹے کی تلاش کے لیے کسی بھی طرح کے اقدامات نہیں کیے، جبکہ میرے بیٹے کے دوست میرے بیٹے کے حوالے سے کچھ بھی بتانے کے لیے تیار نہیں اور وہ معاملے کو پوشیدہ رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی حیدر آباد اور ایس ایس پی جامشورو سے اپیل کی کہ بیٹے کی گمشدگی کا دعویٰ کرنے والے اس کے دوستوں کو گرفتار کر کے اصل معاملہ ظاہر اور بیٹے فیضان راجپوت کو بازیاب کرا کر ہمارے ساتھ انصاف کیا جائے۔