میرپورخاص (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر رشید مسعود خان نے کہا ہے کہ پولیو مہم کامیاب بنانے کے لیے تعلقہ فوکل پرسن ازخود مائیکرو پلان تیار کریں تاکہ وہ اپنی پولیو مہم کی ذمہ داری پوری کر سکیں۔ یہ ہدایت انہوں نے دربار ہال میں 16 سے 21 دسمبر تک ہونے والی پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ متعلقہ محکموں کے اسسٹنٹ کمشنرز مائیکرو پلان کا جائزہ لیں، انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ علماء کرام سے اپیل کریں کہ والدین کو راغب کریں، پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیموں سے تعاون کر کے اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوائیں۔ انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ پولیو مہم کے لیے خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ انہوں نے محکمہ بلدیات کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ یوسی سیکرٹریز کو پولیو میٹنگ میں شرکت کرنے کا پابند کریں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ مہم کے دوران ضلعے کی 41 یونین کونسلوں میں پیدائش سے لے کر 5 سال تک کے 3 لاکھ 48 ہزار 463 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، اس مقصد کے لیے 1070 موبائل ٹیمیں، 53 ٹرانزٹ ٹیمیں، 97 فکسڈ ٹیمیں اور 30 مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور ٹیموں کی ٹریننگ شروع کر دی جائے گی۔