قائداعظم ٹرافی،سیالکوٹ نے پشاور کو آئوٹ کلاس کردیا، اننگزاور 57رنزسے شکست

46

راولپنڈی (اسپورٹس ڈیسک)قائد اعظم ٹرافی کے سہ فریقی مرحلے کے پہلے میچ میں سیالکوٹ نے پشاور کو بآسانی اننگز اور 57 رنز سے ہرا دیا ، اذان اویس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ناقابل شکست 203 رنز بنائے ، پشاور کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 182 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، شعیب اختر نے 6 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے تیسرے روز سیالکوٹ نے 319 رنز 6 کھلاڑی آٹ پر اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی تو اذان اویس 161رنز پر ناٹ آٹ تھے، انہوں نے اپنے فرسٹ کلاس کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری 407 گیندوں پر 27 چوکوں کی مدد سے مکمل کی، انہوں نے بیٹ کیری کیا اور ناقابل شکست 203 رنز بنائے ۔ کپتان اسامہ میر 29 ، محمد علی 16 جبکہ اویس علی اور شعیب اختر بغیر کوئی رن بنائے آٹ ہوئے ، اس طرح سیالکوٹ کی پوری ٹیم 239 رنز کی برتری کے ساتھ 410 رنز بنا کر آٹ ہو گئی ۔پشاور کی طرف محمد عامر خان نے پانچ وکٹیں حاصل کیں ۔پشاور کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں شعیب اختر اور محمد علی کی تباہ کن بائولنگ کے سامنے بے بس نظر آئی اور پوری ٹیم 182 رنز پر ڈھیر ہو گئی ۔سجاد ابراہیم 44 ، نیاز خان 35 ، زبیر خان 25 ، ابوذر طارق 22 اور اسرار اللہ 18 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔سیالکوٹ کی طرف سے شعیب اختر نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کیا اور 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد علی نے 3 کھلاڑیوں کو آٹ کیا ۔واضح رہے کہ قائد اعظم ٹرافی کے سہ فریقی مرحلے کا دوسرا میچ پشاور اور لاہور وائٹس کے درمیان 2 سے 5 دسمبر تک ایبٹ آباد میں کھیلا جائے گا جبکہ 27 دسمبر سے شروع ہونے والے آخری میچ میں سیالکوٹ اور لاہور وائٹس کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی ۔سہ فریقی مرحلے کی دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل آئندہ سال 2 سے 7 جنوری تک کھیلا جائے گا۔