پاکستان نے زمبابوے کو 99رنز سے شکست دے کر ون ڈے سیریز اپنے نام کر لی

308
بلائیو: پاکستان اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی 3میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے اختتام پر کھلاڑیوں کو ایوارڈ تقسیم کئے جارہے ہیں

بلاوائیو(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان نے3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے فیصلہ کن میچ میں زمبابوے کو 99 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی، زمبابوے کی ٹیم پاکستان کے303 رنز کے تعاقب میں 204 رنز بنا سکی، صائم ایوب ، ابرار احمد اور حارث رئوف نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں ، کامران غلام کو شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ اور صائم ایوب کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ گزشتہ روزبلاوائیو میں کھیلے گئے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں پاکستان ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے اننگز کا پراعتماد آغاز کیا اور ذمہ دارانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 10 اوورز میں اسکور 49 رنز تک پہنچایا۔بعدازاں یہ شراکت داری 12.1 اوورز میں 58 رنز پر ٹوٹ گئی جب صائم ایوب31 رنز بنا کر کیچ آئوٹ ہوگئے۔اس کے بعد عبداللہ شفیق کے ساتھ کامران غلام نے پارٹنرشپ قائم کی ۔پاکستان کی دوسری وکٹ 23 ویں اوور میں 112 رنز پر گری جب عبداللہ شفیق اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 50 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوئے۔پاکستان کی تیسری وکٹ 39.2 اوورز میں 201 رنز پر گری جب کپتان محمد رضوان 37 رنز بنا کر کیچ آئوٹ ہوگئے ۔قومی ٹیم کی چوتھی وکٹ 44.3 اوورز میں 232 رنز پر گری گئی ۔ اس موقع پر کامران غلام اپنی پہلی ون ڈے سنچری مکمل کرنے کے بعد 103 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ انہوں نے 4 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے سنچری بنائی، یہ ان کے ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری تھی۔پاکستان کی5ویں وکٹ 47.3 اوورز میں 273 رنز پر گری جب سلمان آغا 30 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے ۔ پاکستان کے چھٹے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی عرفان خان 3 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ۔اس وقت 48.4 اوورز میں پاکستان کا مجموعی اسکور283 رنز تھا۔طیب طاہر 29 اور عامر جمال 5 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ یوں پاکستان کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنائے اور اس نے زمبابوے کی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 304 رنز کا ہدف دیا۔زمبابوے کی طرف سے سکندر رضا ،رچرڈ نگروا نے 2,2 جبکہ بلیسنگ مزاربانی اور فراز اکرم نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا اور10 کے مجموعی ا سکور پر جوئے لرڈ گیمبی 5 اور ڈیوئن میئرز 4 رنز بنا کر صائم ایوب کا شکار بنے، ٹیڈوینسی موریمانی کو24 کے اسکور پر ابرار احمد نے ایل بی ڈبلیو آئوٹ کیا، سین ویلمسن24 رنز بنا کر حارث رئوف کا شکار بنے، کپتان گریگ ایرون کو عامر جمال نے بولڈ کیا انہوں نے51 رنز کی ذمہ درانہ اننگز کھیلی، سکندر رضا بھی 16 رنز بنا کر عامر جمال کا شکار بنے، برین بیننٹ کو 37 کے انفرادی ا سکور پر ابرار احمد نے کیچ آئوٹ کرایا، فراز اکرم کو 5رنز پر کامران غلام نے آئوٹ کیا، ریچرڈ نگااروا نے17 رنز بنائے انہیں فیصل اکر م نے بولڈ کیا، کلائیو مینڈیڈ زمبابوے کے آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے انہیں حارث رئوف نے ایل بی ڈبلیو آئوٹ کیا، بلیسنگ مزربانی صفر پر ناٹ آئوٹ رہے۔ یوں زمبابوے کی ٹیم 40.1 اوورز میں 204 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے صائم ایوب ، ابرار احمد اور حارث رئوف نے 2,2وکٹیں حاصل کیں جبکہ فیصل اکرم اور کامران غلام نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔