انڈر 19ایشیا کپ آج سے آغاز ، گرین شرٹس کل روایتی حریف بھارت سے مدمقابل ہوگی

252
دبئی/شارجہ: انڈر 19 ایشا کپ کے آغاز سے قبل شریک ٹیموں کے کپتانوں کا ٹرافی کے ساتھ گروپ فوٹو

دبئی (اسپورٹس ڈیسک)اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیاکپ کا آغاز آج سے ہو گا، ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں شامل ہیں۔50 اوورز پر مشتمل ٹورنامنٹ میں گروپ اے کے میچز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونگے جبکہ گروپ بی کے میچزشارجہ کرکٹ ا اسٹیڈیم میں شیڈول ہیں۔ پاکستان کو گروپ اے میں بھارت، جاپان اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ افغانستان، بنگلہ دیش، نیپال اور سری لنکا کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں 6 دسمبر کو شیڈول سیمی فائنل کھیلیں گی جبکہ فائنل 8 دسمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا۔ تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10دس بجے شروع ہونگے۔ سعد بیگ کی قیادت میں پاکستان 30نومبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں اپنا افتتاحی میچ بھارت کے خلاف کھیلے گا۔ پاکستان اسی سٹیڈیم میں 2 اور 4 دسمبر کو متحدہ عرب امارات اور جاپان کے خلاف کھیلے گا۔15رکنی سکواڈ میں سے چار کھلاڑیوں محمد ریاض اللہ، سعد بیگ، شاہ زیب خان اور طیب عارف نے دسمبر 2023 میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والے انڈر 19 ایشیا کپ کے آخری ایڈیشن میں پاکستان کی نمائندگی کر رکھی ہے۔ پاکستان کی ٹیم سہ ملکی ٹورنامنٹ افغانستان اور یو اے ای کے ساتھ اس وینیو پر کھیل چکی ہے، فائنل میں افغانستان کے خلاف پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا،شازیب خان نے پانچ میچز میں 330 رنز بنائے جبکہ عثمان خان نے پانچ میچز میں 314 رنز بنائے،اسی طرح عبدالسبحان اور علی رضا نے نو نو وکٹیں حاصل کیں۔ سعد بیگ نے پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہم ابھی کچھ ہفتوں سے دبئی میں ہیں اور سہ فریقی ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اگرچہ ہم فائنل نہیں جیت سکے لیکن کھلاڑیوں کو کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کا بہترین موقع ملااور اب ہم ایشیا کپ کے لیے تیار ہیں۔کوچنگ اسٹاف ہماری رہنمائی کے لیے موجود ہے اور کھلاڑی اپنی بہترین کوششیں کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔ ہم سب اس ٹورنامنٹ کی اہمیت کو سمجھتے ہیں اور ہر کوئی موقع ملنے پر اپنا بہترین کھیل پیش کرتا ہے۔ٹورنامنٹ کی تمام ٹیمیں مضبوط ہیں اور ہم جانتے ہیں یہاں اچھے مقابلے ہونگے۔