کراچی /اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر+نمائندہ جسارت) پاکستان کے معاشی مرکز کراچی اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت مختلف شہروں سے گزشتہ 5دن سے انٹرنیٹ کی رفتار انتہائی سست روی کا شکار ہے۔کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں 26 اور 27 نومبر کو جزوی طور پر انٹرنیٹ کی رفتار بہتر ہوئی تھی تاہم بعد ازاں دوبارہ انٹرنیٹ رفتار انتہائی سست ہوگئی۔ملک کے مختلف شہروں میں 24 نومبر سے انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی کی شکایات موصول ہونا شروع ہوگئی تھیں، جس کی وجہ سے زیادہ تر افراد کو واٹس ایپ سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے استعمال میں بھی مشکلات کا سامنا رہا۔انٹرنیٹ کی رفتار سست ہونے کی وجہ سے میڈیا ہاؤسز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز بھی بر وقت مواد کی ترسیل نہیں کر پارہے جب کہ دیگر آن لائن کاروبار کرنے والے افراد اور اداروں کو بھی مشکلات درپیش رہیں۔