اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) امیدوار کے ایک سے زائد حلقوں میں الیکشن لڑنے پر پابندی کے معاملے میں عدالت عظمیٰ میں سماعت ہوئی۔ عدالت عظمیٰ نے ایک امیدوار کے کئی حلقوں سے الیکشن لڑنے کے خلاف دائر درخواست خارج کردی۔وکیل درخواست گزار کاموقف تھاکہ کسی بھی امیدوار کا ایک سے زائد حلقوں سے انتخاب لڑنا آئین و قانون کے بر خلاف ہے۔جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ ہم قانون ختم تو کرسکتے ہیں نیا نہیں بنا سکتے۔ جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ اگر آپ الیکشن ایکٹ چیلنج کرتے ہیں تو الگ بات ہے۔ جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ اگر قانون میں خود کو ووٹ نہ دینا لکھا ہوتا تو پھر آپ کی بات ٹھیک ہوتی۔جسٹس جمال مندو خیل نے کہا کہ قانون میں تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کا اس حلقہ سے ہونا لازم ہے، اب مقننہ نے اجازت دی ہے تو آپ مقننہ کی نیت پر سوال نہیں اٹھا سکتے۔جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ بہتر ہوگا کہ درخواست گزار سیاسی لیڈر شپ کو قائل کرے۔بعدازاں عدالت نے درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات برقرار رکھتے ہوئے اسے خارج کردیا۔