سلمان اکرم راجا اور حامدرضاپی ٹی آئی عہدوں سے مستعفی، ہنگامی اجلاس

71

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے عہدے سے استعفادے دیا۔ذرائع کے مطابق نامزد سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے مسلسل تنقید کے بعد عہدے پر کام کرنے سے معذرت کرلی۔پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری کا عہدہ تاحال خالی ہے، 2 ماہ اور21 دن گزر جانے کے باوجود بھی پی ٹی آئی کا نیا جنرل سیکرٹری مقرر نہ ہو سکا، عمر ایوب نے 7 ستمبر کو باضابطہ طور پر جنرل سیکرٹری کے عہدے سے استعفا دیا تھا۔سلمان اکرم راجا کو بانی چیئرمین کی ہدایت کے بعد سیکرٹری جنرل لگانے کے لیے نامزد کیا گیا تھا، وہ تاحال نامزد تھے مگر جمعرات کوانہوں نے بھی استعفا دے دیا۔پارٹی ذرائع کے مطابق احتجاج کے حوالے سے چند رہنمائوں کو سلمان اکرم راجا پر تحفظات تھے، پی ٹی آئی رہنمائوں نے سلمان اکرم راجا کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا تھا۔دوسری جانب بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ یہ وقت نہیں ہے کہ آپ اپنی ذمے داری چھوڑیں، لوگ تنقید کرتے رہیں گے لیکن آپ کام جاری رکھیں۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سلمان اکرم راجا کے استعفا کا معاملہ سیاسی کمیٹی میں رکھا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس پشاور میں بیرسٹر گوہر کی زیر صدارت منعقد ہوگا، اجلاس میں گمشدہ کارکنان کے اہل خانہ کے لیے قائم شدہ ہاٹ لائن کے حوالے سے آگاہ کیا جائے گا۔سیاسی کمیٹی میں پی ٹی آئی کے مستقبل کے حوالے سے چند اہم فیصلے بھی ہوں گے۔دوسری جانب پاکستان سنی اتحاد کونسل (پی آئی سی) کے چیئرمین حامد رضا نے پاکستان تحریک انصاف کی 2 اہم کمیٹیوں کی رکنیت سے استعفا دے دیاہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ پی آئی سی کے سربراہ حامد رضا نے پی ٹی آئی کی کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی سے استعفا دے دیا ہے اور اپنے استعفے سے پارٹی قیادت کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔دوسری جانب بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اسلام آباد میں فائنل کال کی ناکامی کے بعد پارٹی کے مرکزی قیادت کو ہٹا دیا، پرانے سیاستدان پھر میدان میں اتاردیے ، عمران خان نے اسدقیصر کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف جبکہ علی محمد خان کو مرکزی جنرل سیکرٹری نامزد کردیا۔ عمران خان نے بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجا کو پارٹی سے ہٹا دیا۔ بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ عمران خان سے ابھی ملاقات ہوئی انہوں نے یہی فیصلہ کیا۔ عمران خان نے پرانے لوگوں کو موقع دیا کہ وہ پارٹی کو لیڈ کریں۔ عمران خان نے اسدقیصر اور علی محمد خان کو اڈیالہ جیل بلا لیا ہے۔