جماعت اسلامی کے ماڈل ٹاؤن چیئر مین نے ملازمین کے 6 کروڑ روپے بقایاجات ادا کر دیئے

117

کراچی:جماعت اسلامی کے ماڈل ٹاؤن چیئر مین ظفر احمد خان اور ان کی ٹیم کی کوششوں سے ٹاؤن ملازمین کو ایڈہاک ریلیف بقایا جات کی مد میں تقریباً 6 کروڑ روپے کی ادائیگی کر دی گئی۔

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ٹاؤن آفس میں منعقدہ ایک پُر وقار تقریب میں ملازمین کو بقایات کے چیک تقسیم کرتے ہو ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندے امانت داری و دیانتداری کے ساتھ محدود وسائل اور اختیارات کی کمی کے باوجود اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، ہم اپنے 9ٹاؤنز کو حقیقی ماڈل ٹاؤن بنائیں گے۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ  جماعت اسلامی کی طرح دیگر ٹاؤن چیئرمینز بھی امانت داری کے ساتھ اپنے فرائض ادا کریں گے تو پورا شہر سنور سکتا ہے، ٹاؤن چیئرمین ظفر خان،وائس چیئرمین فیصل باسط میونسپل کمشنر امداد علی سمیت تمام بلدیاتی امیدواران کی جانب سے بہترین تقریب کے انعقاد پر مبارکباد کے مستحق ہیں، جنہوں نے آج 21ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کے بقایا واجبات کی ادا ئیگی یقینی بنائی۔ 2019کے بقایا واجبات تھے جو جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمین نے ادا کیے اور ملازمین کو ان کا حق اد اکیا۔

چیک وصول کرنے والے ملازمین نے جماعت اسلامی کی کوششوں کو سراہا اور اظہار تشکر کیا۔

منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ یکم نومبر 2023کو ٹاؤن چیئرمینز کو اختیارات دیے گئے،ایک سال  میں  جماعت اسلامی کے 9ٹاؤنز میں سرکاری ملازمین کے مسائل بھی حل کیے جا رہے ہیں۔جماعت اسلامی نے 9ٹاؤنز میں 120 سے زائد پارکوں کو افتتاح کیا،33اسکولوں کو بحال کیا،40 ہزار سے زائد اسٹریٹ لائٹیں لگائی گئیں،  محدود وسائل میں ہم نے یہ کام سر انجام دیے ہیں، ہم چیلنج کرتے ہیں کہ جماعت اسلامی کے 9ٹاؤنز کی طرح کوئی 1ٹاؤن بتادیں جس میں اتنے کام ہوئے ہیں۔