تہران: ایران اپنے جوہری پروگرام کے حوالے سے جمعے کے روز فرانس، جرمنی اور برطانیہ کے ساتھ ملاقات کرے گا ۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی IRNA نے اطلاع دی ہے کہ اس ملاقات سے پہلے یورپی یونین کے خارجہ امور کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل اینریک مورا سے ملاقات کریں گے ۔
پچھلے ہفتے اقوام متحدہ کی بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کے 35 رکنی بورڈ آف گورنرز نے ایران کے جوہری امور پر تعاون نہ کرنے پر ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں ایران کی مذمت کی گئی تھی ۔
ایرانی سفارتکار مجید تخت روانچی، جو وزیر خارجہ عباس عراقچی کے سیاسی نائب ہیں ، جمعے کے روز جوہری پروگرام کے حوالے سے ایران کی نمائندگی کریں گے۔
زرائع کے مطابق یہ ملاقات تین یورپی ممالک اور امریکا کے مشترکہ فیصلے کے بعد ہو رہی ہے، جس میں ایران کو اقوام متحدہ کے جوہری نگراں ادارے کے ذریعے تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
پچھلے ہفتے کی تنقید پر تہران کی جانب سے چیلنجنگ ردعمل سامنے آیا تھا، لیکن ایرانی حکام نے اس کے بعد دیگر فریقوں کے ساتھ بات چیت کے لیے آمادگی کا اظہار کیا ہے، خاص طور پر امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی واپسی سے پہلے، جن کی پچھلی انتظامیہ نے ایران کے خلاف “زیادہ سے زیادہ دباؤ” کی پالیسی اپنائی تھی۔