پی ٹی آئی قافلے صوبائی حکومت کی ناکامی  کے باعث اسلام آباد پہنچے، گورنر پنجاب

120
Civil cases go on for three generations

لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا  ہے کہ تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے قافلے پنجاب حکومت اور پولیس کی ناکامی کی وجہ سے  وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہاکہ خیبر پختونخواہ ( کے پی کے ) سے  پی ٹی آئی کے قافلوں میں سرکاری وسائل کا استعمال کیا گیا، جس کی وجہ سے اسلام آباد میں جگہ جگہ توڑ پھوڑ اور دیگر واقعات دیکھنے کو ملے۔

انہوں نے مزید کہاکہ صوبائی حکومت کے انتظامات کسی پانی کے ریلے کی طرح بہہ گئے، سیکڑوں کنٹینرز راستوں میں لگانے کے باوجود پی ٹی آئی کا قافلہ اسلام آباد کی حدود میں داخل ہوگیا، جانی و مالی نقصان کے ذمہ دار صرف پی ٹی آئی ورکرز ہی نہیں پنجاب حکومت بھی برابر کی شریک ہے۔

گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ  صوبائی حکومت نے پولیس کو ایکسپائر شیل دیے ، جس کی وجہ سے پولیس والوں کو نقصان اٹھانا پڑا، وفاقی حکومت کی حکمت عملی کو پنجاب حکومت اپنا کارنامہ بتارہی ہے، پنجاب حکومت نے پی ٹی آئی قافلوں کو روکنے کے حوالے سے جو بھی اقدامات کیے تھے وہ سب نامناسب تھے، جس کی وجہ سے سرکاری خزانے  پر مزید بوجھ بڑھا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے گونر فیصل کریم نے بھی پی ٹی آئی کے احتجاج میں ہونے والے نقصانات پر پنجاب  اور وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کیسے انتظامات کیے گئے تھے کہ پی ٹی آئی کے قافلے اسلام آباد کی حدود میں داخل ہوگئے۔