اسلام آباد:سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ لڑائی اب ایسی جگہ پہنچ چکی ہے جو عمران خان کی سیاسی تباہی کے ساتھ زندگی کے لیے بھی خطرہ بن گئی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ 22 سال تک عمران خان نہ ہی چور تھے نہ قتل و غارت کی سیاست سے کا انہیں پتا تھا نہ ہی وہ اداروں پر اس طرح تنقید کرتے تھے، عدلیہ کے بھی خلاف نہ تھے اور مار دھاڑ کی سیاست پر بھی یقین نہیں رکھتے تھے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ آج لڑائی ایسی جگہ پہنچ چکی ہے جو پاکستان، جمہوریت اور عمران خان کی سیاسی تباہی کے ساتھ ان کی زندگی کے لیے بھی خطرہ بن گئی ہے۔
انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ اس وقت ہوا جب بی بی عمران خان کی زندگی میں آئیں اور کرپشن کے وڈیو ثبوت جنرل عاصم نے ان کے سامنے رکھے، جس پر بجائے اس کے کہ ایمانداری اور نیک نیتی پر وہ انہیں شاباش دیتے الٹا انہوں نے جنرل عاصم کو فارغ کردیا۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ ان کو اس بات کا علم تھا کہ اس کے پاس سب ثبوت ہیں اور یہ چیف بن گیا تو میری پول کھول دے گا، تو بی بی نے پھر پروپیگنڈا شروع کردیا۔انہوں نے کہا کہ بی بی نے عمران خان سے گھڑی چوری کروائی، 190 ملین کا پیسہ بھی بی بی ہی کے بچوں کی جیب میں گیا، حالاں کہ میں نے منع کیا تھا۔