پیرو میں 10 فٹ لمبے مگرمچھ کا 12 ملین سال قدیم نشانات دریافت

106

لیما: پیرو کے اوکوکاجے صحرا میں ایک شاندار دریافت ہوئی ہے جس میں 10 سے 12 ملین سال پرانے ایک نوجوان سمندری مگرمچھ کے نشانات کا انکشاف کیا گیا ہے۔

ماہرینِ رکازیات کے مطابق یہ فوسل مکمل طور پر محفوظ حالت میں ملا ہے، جس کی لمبائی تقریباً 3 میٹر (10 فٹ) ہے۔ یہ باقیات 2023 کے آخر میں پیرو کے اس صحرا میں دریافت کیا گیا، جو دارالحکومت لیما سے تقریباً 350 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے۔

ماہر رکازیات ماریو گامارا نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ”یہ پہلی بار ہے کہ ہمیں اس نسل کا نوجوان مگرمچھ ملا ہے، جو اپنی مکمل جسامت تک نہیں پہنچا تھا اور مرنے سے پہلے اپنی بڑھوتری کے مرحلے میں تھا۔”

گامارا نے مزید بتایا کہ ان مگرمچھوں کی کھوپڑی اور جبڑے آج کے مگرمچھوں سے مختلف تھے۔ “ان کی تھوتھنی لمبی تھی اور یہ مکمل طور پر مچھلیوں پر منحصر خوراک کھاتے تھے۔”

گامارا کے مطابق اس مگرمچھ کا موجودہ قریبی رشتہ دار بھارتی گھیگا ہو سکتا ہے۔

یہ اہم دریافت پیرو کے جیولوجیکل، مائننگ اینڈ میٹالرجیکل انسٹی ٹیوٹ اور لا یونین اسکول کی مشترکہ کوششوں سے کی گئی۔ پیرو کا اوکوکاجے صحرا رکازیات کا خزانہ ہے، جہاں پہلے بھی میوسین دور کے بونے وہیل، ڈولفنز، شارک اور دیگر فوسلز مل چکے ہیں۔