چیمپئنز ٹرافی:آئی سی سی بورڈ اجلاس  میں مائنس بھارت پر غور ہوگا

107

دبئی:آئی سی سی کا چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے میں کل ہونے والے بورڈ اجلاس میں مائنس بھارت پر غور ہوگا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیم کو پاکستان نہ بھیجنے کی ہٹ دھرمی کے بعد میگا ایونٹ کا انعقاد تاحال ڈیڈلاک کا شکار ہے، جس کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا بورڈ اجلاس کل جمعہ کے روز ہوگا۔

کرکٹ سے متعلق خبریں دینے والی ویب سائٹ کے مطابق آئی سی سی کے بورڈ اجلاس میں 3 نکات زیر غور آئیں گے، جن میں سب سے پہلا ہائبرڈ آپشن کے تحت ایونٹ کا انعقاد ہے، جس میں چیمپئنز ٹرافی کے بیشتر میچز  پاکستان میں اور بھارت کے میچز کسی دوسرے  ملک میں کروانے پر سوچا جائے گا۔

دوسرے آپشن میں چیمپئنز ٹرافی کا مکمل ٹورنامنٹ ہی پاکستان سے باہر منعقد کیا جانا زیر غور آئے گا، تاہم اس صورت میں میزبانی کے حقوق پی سی بی ہی کے پاس رہیں گے۔

اسی طرح تیسرا آپشن  یہ ہو سکتا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا میگا ایونٹ مائنس انڈیا فارمولے کے تحت، یعنی بھارت کے بغیر ہی منعقد کیا جائے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس صورت میں چوں کہ معاشی نقصانات کے امکانات زیادہ ہیں، لہٰذا اس پر بحث کا امکان بھی کم ہی ہوگا۔