اہلِ غزہ و لبنان کیلیے امداد کی 21 ویں کھیپ دمشق پہنچ گئی

84

کراچی: اہل غزہ و لبنان کے لیے پاکستان کی جانب سے امداد کی 21 ویں کھیپ دمشق پہنچ گئی۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ترجمان کے مطابق اسرائیل کی مسلط کی گئی  جنگ سے متاثرہ فلسطینیوں اور اہل لبنان کے لیے پاکستان کی جانب سے ارسال کی گئی امداد شامی دارالحکومت پہنچ گئی۔

چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے این ڈی ایم اے اور حکومت پاکستان کی جانب سے بھیجی گئی 21 ویں امدادی کھیپ 17 ٹن وزنی سامان پر مشتمل ہے۔ یہ کھیپ بدھ کے روز نور خان ایئربیس سے دمشق کے لیے روانہ کی گئی تھی۔

پاکستانی سفیر ایئر مارشل (ر) شاہد اختر نے دمشق میں پاکستان کی جانب سے بھیجی گئی امداد وصول کی۔

ترجمان کے مطابق حکومت پاکستان فلسطین(غزہ) اور لبنان کے جنگ سے متاثرہ لوگوں کو انسانی امداد فراہم کرنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔