کچھ لوگ نوجوانوںکو تعلیم سے دور رکھنا چاہتے ہیں، خالد مقبول صدیقی

109

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین اور وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہاہے کہ نوجوان اس ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں،آج ہم ایک تاریخی وقت پر کھڑے ہیں،حیدرآباد میں یونیورسٹی ایک حق تھا یہ مطالبہ بنا، حیدرآباد میں یونیورسٹی کا مطالبہ میری عمر سے پہلے کا ہے اس خواب کو پورا کردیا ۔وہ حیدرآباد انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے، تقریب میں سابق وفاقی وزیر و رکن قومی اسمبلی امین الحق، اپوزیشن لیڈر سندھ علی خورشیدی،پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی عبدالوسیم، کمشنر حیدرآباد بلال میمن،سلیم رزاق انچارج سندھ تنظیمی کمیٹی ،ظفر احمد صدیقی ،اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر ارشد وہرہ،سید وسیم حسین، پروفیسر انجینئر عبدالعلیم خانزادہ، سابق صوبائی وزیر عبدالحسیب،ڈاکٹر عرفان گل مگسی،اراکین سندھ اسمبلی راشد خان ایڈووکیٹ، انجینئر صابر حسین قائم خانی، ناصر حسین قریشی،طٰحہ احمد، و سابق اراکین سندھ اسمبلی عبدالرحمن راجپوت، راشد خلجی، ندیم صدیقی،اکرم عادل و دیگر شامل تھے۔ صدر حیدرآباد چیمبر آف کامرس انڈسٹری کے صدر عدیل صدیقی، اویس خان، الحاج گلشن الٰہی،اعظم چوہان، مسرور بٹ،چئیرمین ہلال احمر محمود قائم خانی،وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی ڈاکٹر طیبہ ظریف، شہر کے معززین، کاروباری سماجی شخصیات نے شرکت کی ۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج ہم حیدرآباد میں ایک یونیورسٹی کا قیام کر رہے ہیں، کچھ لوگوں کا مطالبہ ہے دوسرا نہ پڑھے، دنیا آنے والے برسوں میں تبدیل ہونے والی ہے، سائنٹسٹ اور پیش گو بھی یہ نہیں بتاسکتے آنے والے سالوں میں دنیا کیسی ہوگی، آنے والے پانچ سالوں میں ہم نے کوئی اقدام نہیں اٹھایا تو آرٹیفیشل انٹیلیجنس سب تبدیل کردے گی، بائیو ٹیکنالوجی انسان کو تبدیل کرے گی،حیدرآباد شہر کو 70 سال بعد یہ یونیورسٹی کیوں ملی یہ بھی ایک سوال ہے،تعلیم حق ہے خیرات نہیں، یہ حق ہم نے لیا ہے، سو ایکڑ زمین یونیورسٹی کی ہمیں اپنے شہر حیدرآباد میں تگ و دو کے بعد بڑی مشکل سے ملی ہے ۔