ٹھٹھہ: مکلی سول اسپتال سے ادویات چوری اسکینڈل کے بعد ادویات ناپید

6

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ٹھٹھہ اور سجاول ضلعوں کے سب سے بڑے اسپتال مکلی سول اسپتال سے ادویات چوری اسکینڈل کے بعد اسپتال سے مکمل طور پر ادویات ناپید ہوگئی ہیں۔ سجاول، دڑو بنوں، گھوڑا باری، غلام اللہ گجو، جنگ شاہی، جھمپیر اور دیگر علاقوں سے آئے غریب مریضوں کو دشواری کا سامنا ہے۔ اس سلسلے میں مریضوں کا کہنا تھا کہ دور دراز کے علاقوں سے بڑے اسپتال میں علاج کی غرض سے آئے ہیں لیکن یہاں کوئی دوا موجود نہیں، کرایہ کرکے بڑی مشکل سے اسپتال پہنچے ہیں لیکن یہاں پر ڈاکٹر خود مجبور ہوکر باہر کی دوائیں لکھ کر دے رہے ہیں جو ہماری پہنچ سے دور ہیں۔ واضح رہے کہ سول اسپتال مکلی میں کروڑوں روپے کی ادویات کی چوری میں 4 چھوٹے ملازمین کو فارغ کردیا گیا تھا لیکن ابھی تک اصلی مگر مچھ تک ہاتھ نہیں پہنچ سکے ہیں۔