حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) این پی ڈی آئی ایچ کے وائس چیئرمین یاسین بلوچ نے کہا ہے کہ مارکیٹ کمیٹی کے عہدیداران کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے مقدمات قائم کیے جائیں کیونکہ طاقتور اور بااثر گراں فروشوں کے سامنے مارکیٹ کمیٹی نے گھٹنے ٹیک دیے ہیں، ناکارہ اور غیر فعال پرائز کمیٹیاں تاجروں اور دکانداروں سے بھتا وصولی میں مصروف ہیں جس کی وجہ سے سبزیوں سمیت روزمرہ استعمال کی اشیاء کو دکاندار من مانی قیمتوں پر فروخت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگی سبزیاں، آلو، ٹماٹر سمیت دیگر اشیاء کے نرخ روزانہ کی بنیاد پر بڑھا دیے جاتے ہیں۔ اس ضمن میں اسسٹنٹ کمشنر اور ضلعی انتظامیہ کے نمائشی چھاپے کسی صورت کارگر ثابت نہیں ہو رہے، لہٰذا ضرورت اِس امر کی ہے کہ مارکیٹ کمیٹی میں بیٹھے عہدیدار اور پرائز کمیٹیوں کے اہلکاروں کے خلاف غفلت، چشم پوشی، اور ملی بھگت کے ذریعے عام افراد کی زندگیوں کو اجیرن بنانے والے اِن نمائشی افراد کو گرفتار کرکے اِن کے خلاف مقدمات قائم کیے جائیں اور ملوث اہلکاروں کو قرار واقعی سزا دی جائے، کیونکہ اِن ذمہ داروں کی وجہ سے شہر کے رہائشی و تجارتی مراکز میں قائم، دودھ، دہی، گوشت، روٹی اور سبزی فروخت کرنے والے گراں فروش مسلسل انتظامیہ کی رٹ کو چیلنج کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے چھوٹے تاجروں پر جرمانے کرنے سے یہ معاملات کسی طور نہیں سدھریں گے، مہنگائی کو کنٹرول کرنے والے اِداروں کے کرتا دھرتا اپنا قبلہ درست نہیں کریں گے۔