قنبر علی خان: ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور مراعات کیلیے کچہری

21

قنبر علی خان (نمائندہ جسارت) صوبائی محتسب سندھ کی ہدایات کے تحت ریجنل ڈائریکٹر صوبائی محتسب لاڑکانہ علی اکبر جاگیرانی کی جانب سے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس لاڑکانہ میں موجودہ اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور دیگر مراعات کے بارے میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر ظفر عباس انڑ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر عبدالفتاح سومرو اور اکاؤنٹنٹ حامد ابڑو نے بھی کچہری میں شرکت کی۔ اس موقع پر کل 14 کیسز پیش کیے گئے جن کے حل کے لیے ریجنل ڈائریکٹر نے اس بات پر زور دیا کہ ان کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر جلد حل کیا جائے۔ اس موقع پر مسمات منور خاتون، مسمات امتیاز، سلیم پنہور، نور احمد شاہ، (ریٹائرڈ وارڈ سرونٹ)، امتیاز بھٹو، مسمات عابدہ، محمد عظیم کی اہلیہ، محمد یامین، اشوک کمار نے کم پنشن ملنے اور ریٹائرڈ ٹیچر اطہر سومرو نے شکایت کی کہ وہ 31 مارچ 2023 کو ریٹائر ہوا لیکن آج تک پنشن نہیں ملی، اس لیے شکایت کا ازالہ اور پنشن دی جائے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر ظفر عباس نے وضاحت کی کہ ان کا مسئلہ ہائی کورٹ میں ہے، جیسے ہی فیصلہ ہوا انہیں پنشن جاری کی جائے گی، کچہری کے دوران مسمات مختار بیگم، امان اللہ ببر نے پنشن نہ ملنے کی شکایت بھی کی جس پر ریجنل ڈائریکٹر صوبائی محتسب علی اکبر جاگیرانی نے انہیں کہا کہ آپ کی پنشن جلد جاری کر دی جائے گی۔