ملک کومحاذ آرائی نہیں پائیدارامن کی ضرورت ہے ،مولانا قاری شبیر عثمانی

9

لاہور (نمائندہ جسارت) ختم نبوت اسلامک سنٹر چناب نگر کے بانی مولانا قاری شبیر احمد عثمانی نے کہا ہے کہ ملک کو محاذ آرائی نہیں پائیدار امن کی ضرورت ہے سیاسی قائدین جمہوریت کے نام پر ملکی نظام کوبہترین انداز میں چلانے کی کوشش کریں تاکہ ملک میں امن و استحکام پیدا ہودشمن کی سازش کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے،ان خیالات کاا ظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے کیا،انہوںنے کہا کہ ملک دشمن قوتیں پہلے ہی ملک میں دہشت گردی کی وارداتوں کے ذریعے قیام امن سبوتاژ کرنے کی کوششیں کر رہی ہیں، موجودہ ابتر معاشی حالات میں اگر سیاسی جماعتوں کی قیادت نے مجموعی قومی مفادات کی تکمیل پر توجہ نہ دی تو ان کا یہ طرز عمل سیاسی جمہوری عمل پر سے عوام کا اعتماد ختم کرنے کا ذریعہ بنے گا جو کسی صورت ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔سیاسی چپقلش ومعاشی عدم استحکام کے خاتمے اور انتقامی سیاست کو دفن کئے بغیر ملک و قوم کو آگے لے کر نہیں چلا جا سکتا۔ مفادات کی سیاست نے ملک و قوم کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایاہے،جاگیر داروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں کے ساتھ مافیا ز نے لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ بد قسمتی سے ہمارے ہمسایہ ممالک ترقی و خوشحالی میں آگے نکل چکے ہیں۔ پاکستان جنوبی ایشیا کا سب سے مہنگا ترین ملک بن چکا ہے،ادارے تباہ اور کرپشن نے نظام کو کھوکھلا کر کے رکھ دیا ہے۔