سجاول(نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر زاہد حسین رند کی زیر صدارت دربار ہال ڈی سی آفس سجاول میں 16- دسمبر 2024ء سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے متعلق اجلاس منعقدہ ہوا، جس میںمحکمہ ریونیو، صحت، پی پی ایچ آئی، این اسٹاپ، ڈبلیو ایچ او، پولیس و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ انسداد پولیو مہم کے دوران بہتر نتائج کے حصول کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں، پولیو ایک خطرناک موذی مرض ہے جس سے بچوں کو تحفظ فراہم کرنا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔ انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ ٹرانزٹ پوائنٹس پر پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے والے بچوں کو قطرے پلانے کیلئے پولیو ٹیموں کی مدد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر باالخصوص دور دراز علاقوں میں پولیو ٹیموں کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے رہ نہ جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے عوام باالخصوص والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں آنے والی پولیو ٹیموں سے تعاون کرتے ہوئے اپنے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ انہیں ہمیشہ کی معذروری سے بچایا جا سکے۔