پشاور(آن لائن)مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے وزیر اطلاعات عطا تارڑ کی پریس کانفرنس پر پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ظلم اور جبر کے بعد عطا تارڑ کی پریس کانفرنس یزیدیت کی نئی مثال ہے جس پر پی ٹی آئی کو فوری طور پر سینیٹ اور
قومی اسمبلی کا اجلاس بلانا چاہیے، حکومت ظلم کرکے بھی ہارگئی پی ٹی آئی ظلم برداشت کرکے بھی جیت گئی۔اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں مشیراطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹرسیف کا کہنا تھا کہ جعلی اور ظالم حکومت نے ظلم اور بربریت کی ایک اور داستان رقم کی، ماڈل ٹاون کے بعد سانحہ ڈی چوک بھی جعلی حکومت کے ماتھے کا جھومر بن گیا ہے۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ ایسا ظلم ہوا کہ جب تاریخ لکھی جائے گی تو قلم بھی کانپ جائے گا، ظلم ہمیشہ خوفزدہ لوگ کرتے ہیں، نہتے کارکنوں پر گولیاں برسانا خوفزدہ ہونے کا ثبوت ہے۔ان کا مزید کا کہنا تھا کہ جعلی حکومت ظلم کرکے بھی ہار گئی جبکہ پی ٹی آئی ظلم برداشت کرکے بھی جیت گئی۔مشیر اطلاعات خبیرپختونخوا نے الزام عائد کیا کہ جعلی اور ظالم حکومت نے 18 اور 20 سال کے نوجوانوں کے سروں میں گولیاں اتاریں، جعلی حکومت ماتم کی بجائے جشن منا رہی ہے، ظلم اور بربریت کے ذریعے عمران خان کو عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جاسکتا۔بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ عطا تارڑ نے قتل گاہ میں پریس کانفرنس کرکے خود کو وقت کا ابن زیاد ثابت کر دیا، ظلم اور جبر کے بعد عطا تارڑ کی پریس کانفرنس یزیدیت کی نئی مثال ہے، پی ٹی آئی کو فوری طور پر سینیٹ اور قومی اسمبلی کا اجلاس بلانا چاہیے اور اس ضمن میں خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس بھی طلب کیا جارہا ہے۔