مٹیاری(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ چنا نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت اورتحفظ ناموس رسالت قانون کی حفاظت ہرمسلمان کے ایمان کا لازمی حصہ ہے۔سانحہ پاراچنار قابل مذمت اورصوبائی ووفاقی حکومتوں کی ناکامی ہے، امت کوتقسیم کرنے کی کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے درگاہ مٹیاری شریف میں عقیدہ ختم نبوت و تحفظ ناموسِ رسالت کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔کانفرنس کی صدارت سجادہ نشین حضرت قبلہ پیر غلام مجدد سرہندی مجددی نے کی جبکہ علماو مشائخ حضرات اورسیاسی وسماجی رہنما بڑی تعداد میں شریک تھے۔انہوں نے مزید کہاکہ انگریز کے قانون اورجاگیردارانہ نظام کے بجائے اللہ کے قانون کی حکمرانی ہوتی تو اس طرح ظلم اوربے گناہ انسانوں کا قتل عام نہ ہوتا۔انہوں نے مزید کہاکہ عقیدہ ختم نبوت دین اسلام کی اساس و بنیاد ہے اس عقیدے پرایمان کے بغیراسلام اور ایمان کا تصور بھی محال ہے۔ ریاست مدینہ کے بعد پاکستان دنیا کی واحداسلامی ریاست ہے جو کلمہ طیبہ کی بنیاد پر بنا۔ پاکستان کا مطلب کیا “لا الہ الا اللہ” کے نعرہ مستانہ نے بر صغیر میں شمع رسالت کے پروانوں کو اس کے حصول کے لیے متحد کیا۔ جو قوت کسی ملک کی تخلیق کا سبب بنتی ہے وہی قوت اس کی بقا اور استحکام کی ضامن ہوا کرتی ہے۔ جو نظام اپنے تخلیقی چوکھٹ سے ہٹ جاتا ہے وہ شکست و ریخت کا شکار ہوکر ختم ہوجاتا ہے۔