صدر بیلاروس لوکاشینکو کی پاکستان آمد خوش آئند، شیخ عمر ریحان

160

کراچی (کامرس رپورٹر) چیئرمین پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی وی ایم اے) شیخ عمر ریحان نے کہا ہے کہ بیلاروس کے صدر لوکا شینکو کی اعلی سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان آمد خوش آئند ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان حلال اشیاء، زراعت، آئی ٹی اور ادویات کے شعبے میں تجارت کے معاہدوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرم شیخ، یو بی جی کے پیٹرن ان چیف ایس ایم تنویر، سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں، خالد تواب، میاں زاہد حسین، نوید بخاری اور دیگر رہنماؤں کی جانب سے چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد کے لئے آمد پر کیا۔ انہوں نے کہا کے ایس ایم تنویر کی قیادت میں بزنس کمیونٹی متحد ہے، ایف پی سی سی آئی میں عاطف اکرام شیخ کی صورت میں بہترین رہنما ملے ہیں جنہوں نے فیڈریشن کے وقار کو بلند کیا اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان اور ایف پی سی سی آئی کا نام روشن کیا۔ شیخ عمر ریحان نے کہا کہ بیلاروس سے تجارت کے فروغ کیلئے بینکنگ چینل کو کھولا جائے اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت مقامی کرنسی میں کی جائے جس سے معاشی استحکام اور زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ کم ہوگا۔ شیخ عمر ریحان نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان تجارتی حجم انتہائی کم ہے جسے بڑھانے کیلئے دو طرفہ تجارتی وفود کا تبادلہ ضروری ہے۔ اس موقع پر عاطف اکرم شیخ نے چیئرمین پی وی ایم اے شیخ عمر ریحان کی پاکستان کی گھی اور کوکنگ آئل انڈسٹری کے لیے کی جانے والی خدمات کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، بیلاروس سے آئی ٹی، دفاعی، ماحولیاتی تعاون اور فارماسیوٹیکل مصنوعات کے تجاری معاہدے خوش آئند ہیں۔ تقریب سے یو بی جی کے پیٹرن ان چیف ایس ایم تنویر نے کہا کہ بیلاروس کے صدر اور وزراء کی آمد سے تجارت کے مواقع بڑھیں گے، حکومت سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کو سہولیات فراہم کرے تاکہ بیلاروس میں تجارت کے مواقع سے فائدہ اٹھایا جائے جبکہ بیلاروس کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری پر مراعات دی جائیں جس سے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو۔تقریب میں شیخ باسط اکرم، ناصر سلیم، امین دادا، احمد غلام حسین، میاں نوید احمد، کاشف رزاق، بلال مشتاق، انجم رحمت، ارشد ہائی اور دیگر رہنماؤں اور پی وی ایم اے کے اراکین نے مہمانوں کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ اس موقع پر شیخ عمر ریحان نے عاطف اکرام اور ایس ایم تنویر کی پاکستانی بزنس کمیونٹی کے بنیادی مسائل حل کرنے کی کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔