کونسل اجلاس سے راہ فرار اختیار کرنا مسائل کا حل نہیں، اپوزیشن اراکین

44

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی کے بھائی ٹاؤن چیئرمین چنیسر فرحان غنی کونسل کے اجلاس سے فرار ہوگئے‘ جماعت اسلامی کے نمائندوں نے کرپشن اور بدترین اقربا پروری کی نشاندہی کی تو فرحان غنی پیپلزپارٹی کے ارکان کے ہمراہ اجلاس ادھورا چھوڑ کر نکل گئے۔ تعاون (کرپشن پر خاموشی) رکھیں گے تو آپ کے علاقوں میں تعاون (ترقیاتی کام) کروں گا۔ فرحان غنی نے جماعت اسلامی کے نمائندوں کو دوٹوک جواب دے دیا۔ تفصیلات کے مطاق ٹائون میونسپل کارپوریشن چنیسر کا اجلاس دن 3 بجے ٹائون آفس میں طلب کیا گیا تھا۔ اجلاس محض دس منٹ کی رسمی کارروائی کے بعد ختم کردیا گیا۔ اجلاس کے اختتام پر جماعت اسلامی کے اپوزیشن لیڈر محمد یونس اور دیگر اراکین بلال عبدالباقی، فراز آفریدی اور خاتون کونسلر غزالہ عبدالہادی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ فرحان غنی ٹائون کے انتظامی معاملات میں بدترین اقربا پروری سے کام لے رہے ہیں۔ منتخب اراکین کی تجاویز سننے کے بجائے ان کو بات کرنے سے روکا جاتا ہے۔ اس موقع پر طارق روڈ سے منتخب وائس چیئرمین بلال عبدالباقی کا کہنا تھا کہ سوسائٹیز پر مشتمل تین یوسیز کے فنڈ مکمل طور منجمد کردیے گئے ہیں۔ ان یوسیز میں مامور عملے کو یوسی دفتر کے بجائے سیاسی رہنماؤں کے گھر پر حاضری کا حکم دیا گیا ہے۔ اپوزیشن لیڈر محمد یونس کا مزید کہنا تھا کہ اجلاس میں ہمارے نمائندوں نے مسائل کی نشاندہی کی تو ٹائون چیئرمین نے اجلاس ختم کردیا۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح راہ فرار اختیار کرنے سے مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ محمود آباد سے منتخب وائس چیئرمین فراز آفریدی کا کہنا تھا کہ محض ذاتی پسند کی بنیاد پر ٹائون میں تقرریاں کی جارہی ہیں۔