اللہ والا ٹائون کورنگی کے عوام دس دن سے مشکلات کا شکار

51
جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے نائب امیر منصور فیروز اللہ والا ٹائون کورنگی میںمین شاہراہ پر سیوریج کی نشان دہی کررہے ہیں

کراچی (پ ر) اللہ والا ٹائون کورنگی کے عوام کو جماعت اسلامی کا ساتھ دینے کی سزا دی جارہی ہے۔ گزشتہ دس دنوں سے اللہ والا ٹائون کی مرکزی شاہراہ پر گندا پانی جمع ہے۔ قبضہ ٹائون چیئرمین، قبضہ یوسی چیئرمین اور پیپلز پارٹی کا قبضہ ایم پی اے سب علاقے سے غائب ہیں۔ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ اللہ والا ٹائون کے برساتی نالے کی صفائی کی جائے ۔یہ بات جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے نائب امیر اور صوبائی اسمبلی کے سابق امیدوار منصور فیروز نے اللہ والا ٹائون کورنگی کی مرکزی شاہراہ پر برساتی نالے کے اوور فلو ہونے اور نالے کا گندا پانی مین روڈ پر جمع ہونے پر مین روڈ کے دورے اور وہاں موجود افراد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ منصور فیروز نے کہا کہ برساتی نالہ اوور فلو ہونے سے پورا علاقہ ندی نالہ کا منظر پیش کررہا ہے۔ عوام کو سنہرے خواب دکھانے والے سب غائب ہیں اور جماعت اسلامی آج بھی علاقے میں موجود ہے۔ دس دنوں سے اللہ والا ٹائون کی خواتین، بچے بزرگ، نمازی حضرات سب پریشان ہیں۔ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔جماعت اسلامی کے چاروں وارڈ کونسلرز متعلقہ ذمے داران سے رابطہ کررہے ہیں لیکن عوام کے مسائل کوئی سننے کو بھی تیار نہیں ہے۔ انہوںنے کہا کہ اگر دو دنوں کے اندر برساتی نالے کی صفائی نہ کی گئی اور مرکزی شاہراہ سے نالے کا پانی صاف نہ کیا گیا تو جماعت اسلامی اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی اور ہم اللہ والا ٹائون کے عوام کے ساتھ کسی بھی قسم کا ظلم اور زیادتی برداشت نہیں کریں گے۔