ترکیہ نے امریکا سے ایف 16طیاروں کے سودے میں کمی کردی

52

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترکیہ نے امریکا سے ایف 16طیاروں کی خریدار میں کمی کردی ۔ ترک وزیر دفاع یاشار گولر نے کہا کہ ترکیہ نے امریکا سے 23 ارب ڈالر کے لڑاکا جیٹ پیکیج کے حصول کے طے شدہ سودے میں کمی کرتے ہوئے اپنے موجودہ بیڑے کو جدید بنانے کے لیے 79 کٹس کی خریداری ختم کر دی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ناٹو کے رکن ترکیہ نے سال کے شروع میں امریکا سے 40 ایف16 لڑاکا طیارے اور اپنے موجودہ ایف16 طیاروں کے لیے 79 جدید کٹس کی خریداری کا معاہدہ کیا تھا۔ گولر نے پارلیمان میں بریفنگ کے دوران بتایا کہ ایف16 بلاک70 کی خریداری کے لیے ابتدائی ادائیگی کر دی گئی ہے۔ 1.4 ارب ڈالر کی ادائیگی سے ہم 40 ایف16 بلاک70 وائپر طیارے خریدیں گے ،جب کہ 79 کٹس کا سودا ختم کر دیاہے۔ اس کی وجہ یہ ہیکہ ٹرکش ایرو اسپیس انڈسٹریز (تساس) کے ماہرین بیڑے میں شامل ایف 16طیاروں کو جدید بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 40 نئے لاک ہیڈ مارٹن ایف16 جیٹ طیاروں اور ان کے لیے گولا بارود کی خریدار پر تقریباً 7ارب ڈالر کے اخراجات ہوں گے۔ یاد رہے کہ ترکیہ نے یہ آرڈر اکتوبر 2021 ء میں دیا تھا جس سے 2سال قبل امریکا نے روسی میزائل دفاعی نظام کی خریداری پر ترکیہ کو پانچویں نسل کے ایف35 لڑاکا جیٹ طیاروں کے پروگرام سے باہر کر دیا تھا۔ترک وزیر دفاع کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ترکیہ ایف35 پروگرام میں دوبارہ شامل ہوکر 40 نئے ایف35 جیٹ طیارے خریدنا چاہتا ہے۔ انقرہ یورو فائٹر ٹائفون لڑاکا طیارے خریدنے میں بھی دلچسپی رکھتا ہے جو جرمنی، برطانیہ، اٹلی اور اسپین نے مشترکہ طور پر بنایا ہے۔ ترکیہ کے پاس ایف16 کا سب سے بڑا بیڑا ہے جس میں 200 سے زیادہ پرانے بلاک کے 30، 40 اور 50 ماڈلز والے طیارے ہیں۔ترکیہ اپنا لڑاکا طیارہ قان بھی تیار کر رہا ہے۔