کراچی (اسٹاف رپورٹر) صدر سندھ یونائیٹڈ پارٹی و کنوینر دریائے سندھ بچائو تحریک سید زین شاہ نے حکومت کی جانب سے منگل کی رات پاکستان تحریک انصاف کے ڈی چوک پر جمع ہونے والے کارکنان کے خلاف ریاستی طاقت کے بے جا استعمال کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پُرامن مظاہرین پر رات کے اندھیرے میں وحشیانہ تشدد، شیلنگ، بلاجواز گرفتاریاں اور فائرنگ کے نتیجے میں متعدد افراد کی ہلاکت اور زخمی ہونا قابل مذمت ہے۔ ملک سے اب جمہوریت ختم ہو چکی ہے۔ ایسا ظلم تو بدترین آمرانہ دور میں بھی نہیں ہوا۔ طاقت کے استعمال سے مظالم کو چھپایا نہیں جاسکتا، ریاستی جبر کے ذریعے اگر ریاست خود قاتل بن جائے تو ملک میں انارکی اور انتشار پھیلے گا۔ اپنے جاری مذمتی بیان میں سید زین شاہ کا کہنا تھا کہ ملک میں پُرامن احتجاج کے دروازے بند کیے گئے تو نفرتوں میں اضافہ ہو گا۔ وفاقی دارالحکومت میں تشدد کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے آمرانہ اقدامات کی وجہ سے اب سیاسی جماعتوں کے لیے احتجاج کرنے کی بھی آزادی نہیں رہی۔ ہر شہری کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ پُرامن طریقے سے اپنے حق اور اپنے ساتھ ہونے والے ظلم و ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرے۔