برطانیہ:کردستان ورکرز پارٹی سے تعلق پر 6 افراد گرفتار

83
برطانیہ کی خصوصی پولیس کے اہلکار کردستان ورکرز پارٹی کے خلاف چھاپامارکارروائی میں شریک ہیں

لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانوی انسداد دہشت گردی پولیس نے کالعدم کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) سے مبینہ تعلق کے الزام میں 6 افراد کو گرفتار کر لیا۔ اس دوران پولیس نے لندن میں ایک کرد کمیونٹی سینٹر کی تلاشی لی ۔ انسداد دہشت گردی کمانڈر ہیلن فلاناگن نے کہا کہ یہ کارروائی اہم تحقیقاتی پیش رفت اور آپریشن کے نتیجے میں کی گئی ہے۔ ہیلن فلاناگن کا مزید کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ زیر حراست افراد دہشت گرد گروپ پی کے کے سے منسلک سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ دوسری جانب تُرک فوج نے عراق کے شمال میں پنجہ کلید آپریشن کے علاقے اور گارا اور میتینا کے علاقوں میں علاحدگی پسند دہشت گرد گروہ پی کے کے کے 8 جنگجو ہلاک کردیے۔ وزارت دفاع کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ترک فوج قوم کی بھرپور حمایت کے ساتھ دہشت گردوں کی صفائی جاری رکھے ہوئے ہے۔ ہم دہشت گردی کو اس جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ واضح رہے کہ ترکیہ نے علاحدگی پسند کرد تنظیم کردستان ورکرز پارٹی کو دہشت گرد قرار دے رکھا ہے۔ برطانیہ اور امریکا نے بھی پی کے کے کو عسکریت پسند قرار دے کر کالعدم کررکھا ہے۔