اسکول سے طلبہ کے جوتوں کی پراسرار چوریاں، کیمرے نے پول کھول دیا

111

ٹوکیو:جاپان میں اسکول کے طلبہ کے جوتے پراسرار طور پر چوری ہوتے رہے، تاہم کیمرے نے اس معاملے کا پول کھول دیا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق جاپان کے ایک اسکول میں بچوں کے جوتے تواتر کے ساتھ چوری کیے جا رہے تھے۔ کوگو شہر کے گوشو کوڈومو این کنڈرگارٹن (بچوں کے اسکول) کی جانب سے رواں ماہ پولیس سے رابطہ کرکے 15 جوتے چوری ہونے سے متعلق اطلاع دی گئی۔

پولیس کو ابتدائی تحقیقات سے کوئی سراغ نہ ملا تو اس نے چور کا پتا لگانے کے لیے اسکول میں سیکورٹی کیمرے نصب کیے، جس کے بعد ایک رات کو جوتا چوری ہونے کا واقعہ پھر پیش آیا، جس پر کیمرے کی ریکارڈ ہونےو الی سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کی گئی تو چور کی نشان دہی کرلی گئی۔

اسکول انتظامیہ، طلبہ اور پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھ کر حیران رہ گئے کہ طلبہ کے جوتے چوری کرنے والا کوئی اور نہیں بلکہ ایک نیولا تھا، جو اسکول سے بچوں کے جوتے چرا کر لے جا رہا تھا۔

اس حوالے سے وائرل ہونے والی وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک نیولا اچانک دیوار کے پیچھے سے سامنے آتا ہے اور اسکول میں بچوں کے جوتے رکھنے کے لیے رکھے ہوئے شیلف کے اندر سے ایک جوتا نکال کر فرار ہو جاتا ہے۔

اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جوتوں کے پراسرار طور پر چوری ہونے کی وجہ سے بچے اور عملہ پریشان تھا، تاہم جب پتا چلا کہ یہ ایک نیولا ہے تو اب کوئی پریانی نہیں ہے۔ جوتوں کی مزید چوری سے بچنے کے لیے اسکول انتظامیہ نے شیلف کو ایک کپڑے سے ڈھک دیا ہے۔