سیکورٹی اداروں نے بہترین حکمت عملی سے دھرنے کا خاتمہ کیا، وزیراعظم

166
decision to abolish several important ministries

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیکورٹی اداروں نے بہترین حکمت عملی سے دھرنے کا خاتمہ کیا ہے۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہوا، جس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیکورٹی اداروں کی دھرنا ختم کرنے کے لیے حکمت عملی بہترین ثابت ہوئی، جس سے عوام کو سکون ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے اسلام آباد میں لشکر سے نمٹنے کے لیے بھرپور  تعاون فراہم کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک اور ترقی کے دشمن فسادیوں کو آج کے بعد مزید کوئی موقع نہیں دیا جائے گا کیوں کہ ملک بھر میں خصوصاً وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں معیشت کو جو نقصان پہنچایا گیا ہے، وہ سب نے دیکھ لیا۔ کئی دن سے کاروباری مراکز، فیکٹریاں بند ہونے سے کارکن اور مزدور پریشان رہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ احتجاج کی وجہ سے اسپتالوں میں مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں معمولات زندگی تقریباً معطل ہو چکے تھے اور اسٹاک ایکسچینج میں بھی بڑی مندی ریکارڈ ہوئی، جب کہ کچھ دن قبل ہی انڈیکس تاریخی سطح پر پہنچ چکا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم سخت فیصلے کریں کیونکہ وطن کی ترقی، خوشحالی کے علاوہ ہمارے پاس کوئی اور آپشن نہیں ہے۔ آج کے بعد ان فسادیوں اور پاکستان کے دشمنوں کو مزید موقع نہیں دیا جائے گا۔ اگر ہر روز فسادی اگر یہاں جنگ کا میدان لگائیں گے تو ہم بحالی کی طرف جائیں یا پھر ان پر اپنی توانائیاں صرف کریں۔ اب قوم کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ احتجاج کی سیاست کو جاری رکھنا ہے یا پھر ملک کی معیشت و بحالی کو دیکھنا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر 9 مئی کے ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دی جاتیں تو پھر ہم یہ دن آج نہ دیکھ رہے ہوتے، اسلام آباد میں مظاہرین نے رینجرز کے جوانوں اور اسلام آباد پولیس کے اہلکار کو شہید کیا، فسادیوں کے پاس اسلحہ تھا۔ ہم سیکورٹی اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہیں جنہوں نے حملے ناکام بنا کر فسادیوں کو پسپا ہونے پر مجبور کیا۔