پی ٹی آئی احتجاج میں پنجاب پولیس کے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ منظر عام پر

85

لاہور: پنجاب پولیس نے تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے شرپسندوں کے ہاتھوں ہونے والے نقصانات کے حوالے سے باقاعدہ رپورٹ جاری کردی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان پنجاب پولیس نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت، راولپنڈی اور اٹک سمیت مختلف اضلاع میں شرپسندوں کے پرتشدد حملوں میں پنجاب پولیس کا ایک اہلکار شہید اور 170 سے زائد زخمی ہوئے۔

ترجمان  نے مزید کہاکہ پی ٹی آئی کے احتجاج میں شرپسندوں کی جانب سے پولیس کی 22 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا جبکہ ایک پولیس وین جلائی گئی، تحریک انصاف کے احتجاج میں شریک لوگوں کے پاس جدید اسلحہ اور آنسوگیس شیل فائر کرنے کا سامان موجود تھا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ پولیس اور فورسز نے مسلح جتھوں کو کنٹرول کے لیے ہر ممکن تحمل کا مظاہرہ کیا، پولیس اہلکاروں کے پاس مشتعل مظاہرین سے نمٹنے کے لیے ہاتھوں میں صرف ڈنڈے  موجود تھے، جس کی وجہ سے ایک بڑی تعداد میں پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ   شرپسندوں کی شناخت و گرفتاری یقینی بنانے کے لیے جیو فینسنگ، سی سی ٹی وی فوٹیجز، فیشئیل ریگنیشن اور جدید ٹیکنالوجی سمیت تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے، قانون ہاتھ میں لینے والوں کو بہر صورت عدالت کے کٹہرے میں پیش کیا جائے گا۔