150 سے زائد اسکول اور پارک بحال کردیے، اساتذہ و طلبہ کا ہاتھ تھامیں گے، منعم ظفر

228

کراچی:جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات جیتنے کے بعد ہم نے ایک سال میں ٹاؤن کے تحت آنے والے 33 اسکولوں کو بحال کیا، شہر بھر میں بچوں اور نوجوانوں کے لیے ایک 120 پارکس بحال کیے جو پچھلے بلدیاتی دور میں کھنڈر بن گئے تھے۔

نشتر بستی میں گلشن اقبال ٹاؤن کے تحت اسکولوں کے طلبہ میں مفت یونیفارم اور شوز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ  قومیں تعلیم سے ترقی کا سفر طے کرتی ہیں لیکن سندھ میں پیپلز پارٹی کی 16سالہ بدترین حکمرانی کے باعث تعلیم کی تباہی کا سفر جاری ہے، سندھ میں  73 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔

انہوں نے کہاکہ  ہم جماعت اسلامی کے کسی بھی ٹاؤن میں اپنے تعلیمی ادارے اور پارکس کسی بھی این جی او کے حوالے نہیں کریں گے، اساتذہ کا ہاتھ تھامیں گے اور ان زیر تعلیم بچوں کی سرپرستی کریں گے۔تعلیم کی فراہمی حکومت و ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے مگر یہاں لوگوں سے تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولیات بھی چھین لی گئی ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی  نے کہا کہ یہ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں، تعلیم کے سفر میں آگے بڑھیں گے تو ملک ترقی کرے گالیکن اس پورے عمل میں حکومت کہیں نظر نہیں آتی۔گلشن اقبال ٹاؤن کے چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے کہ ان کی ایک سال کی انتھک محنت کے نتیجے میں  اسکولوں کو تزئین و آرائش کرکے اس قابل بنادیا گیا کہ یہاں بچوں کی تعداد میں 100 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔

منعم ظفر خان کاکہنا تھاکہ  پسماندہ  بستیوں کے بچوں کو یونیفارم فراہم کرکے قابل تحسین کارنامہ سرانجام دیا گیاہے جس کی وجہ سے ان بچوں کے چہرے خوشی سے روشن ہیں، یہی جماعت اسلامی کا ویژن ہے کہ ہم اپنے بچوں کو پڑھانا چاہتے ہیں اور انہیں تعلیم و تربیت دے کر ترقی کے سفر میں آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔