اسلام آباد میں 31 دسمبر کے بعد کوئی افغان بغیر این او سی نہیں رہ سکے گا، وزیرداخلہ

112
ability

اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں 31 دسمبر کے بعد کوئی افغان بغیر این او سی نہیں رہ سکے گا۔

وفاقی دارالحکومت میں ترقیاتی کاموں کا دورہ کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کوئی بھی افغان باشندہ 31 دسمبر کے بعد اسلام آباد میں این او سی کے بغیر نہیں رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے معمولات بحال ہو چکے ہیں۔ ترقیاتی کاموں پر کام جاری ہے اور مقررہ وقت پر یا اس سے قبل ہی انہیں کھول دیا جائے گا۔

تحریک انصاف کے احتجاج سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنے والوں نے فرار ہونے کے بعد سے شور مچا رکھا ہے کہ کئی لوگ مارے گئے ہیں، لیکن کوئی بتا نہیں رہا کہ وہ سب لاشیں کہاں یا کس اسپتال میں ہیں؟

محسن نقوی نے کہا کہ اپنی شرمندگی چھپانے کے لیے لاشوں اور ہلاکتوں کی بات کی جا رہی ہے۔

بعد ازاں انہوں نے پمز کا دورہ کیا اور تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران شرپسندوں کے حملوں میں زخمی ہونے والے اہل کاروں اور افسروں کی عیادت کی۔ انہوں نے زخمی جوانوں اور افسروں کے حوصلے کو سراہا اور ان کی ہمت بڑھائی۔