بیروت:اسرائیل اور لبنان میں جنگ بندی معاہدے کے بعد لبنانی فتح کا نشان بنا کر اپنے گھروں کو واپس لوٹ رہے ہیں۔لبنانی میڈیا کے مطابق اسرائیل حزب اللہ جنگ بندی معاہدے کا اطلاق پاکستانی وقت کے مطابق بدھ کی صبح 7 بجے سے شروع ہو گیا ہے، جس کے بعد ہزاروں لبنانیوں نے جنوب میں اپنے گھروں کو لوٹنا شروع کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنگ بندی معاہدے کے بعد بیروت کے جنوبی مضافات میں فائرنگ کر کے جشن منایا گیا، جس کی آوازیں دور دراز میں سنی گئیں، لیکن فوری طور پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ادھر لبنانی فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کے انخلاء تک دیہاتی علاقوں میں لوگ اپنے گھر واپس نہ جائیں۔
اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی معاہدہ گزشتہ 14 ماہ سے جاری جنگ کے خاتمے کی جانب اہم قدم سمجھا جا رہا ہے، جبکہ بیشتر افراد امید کر رہے ہیں کہ اس معاہدے کے بعد اسرائیلی حملے مستقل طور پر ختم ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق حزب اللّٰہ نے جنگ بندی پر باضابطہ ردِعمل جاری نہیں کیا ہے تاہم حزب اللّٰہ کے سینئر عہدیدار حسن فضل اللّٰہ نے لبنانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ لبنانی ریاست کے اختیارات میں توسیع کی حمایت کرتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ مزاحمت کو غیر مسلح کرنا اسرائیلی تجویز تھی جو ناکام ہو گئی۔