وزارت خزانہ نے ملک میں مہنگائی کی شرح بڑھنے کا امکان ظاہر کردیا

98

اسلام آبا:وزارت خزانہ نے ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافے کا امکان ظاہر کردیا۔

ماہانہ اقتصادی رپورٹ کے مطابق رواں ماہ مہنگائی کی شرح 5.6 فی صد رہنے کا امکان ہے جب کہ اگلے مہینے (دسمبر میں) مہنگائی کی شرح بڑھ  کر 6.5 فی صد تک پہنچ سکتی ہے۔حکومتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی برآمدات ڈھائی سے تین ارب ڈالرز تک رہنے کا امکان ہے۔

وزارت خزانہ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ رواں مالی سال (2024-25) کے ابتدائی 4 ماہ میں معاشی استحکام رہا اور جولائی سے اکتوبر کے درمیان توقعات سے بڑھ کر معاشی بحالی نظر آئی جب کہ ملک میں مہنگائی میں بھی کمی آئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق 4ماہ میں ترسیلات زر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، شرح سود میں کمی سے سود کی ادائیگیوں میں کمی ہوئی ہے اور 4ماہ میں سود ادائیگیوں میں5.3 فی صد کمی ہوئی ہے۔ اسی طرح جولائی تا اکتوبر اخراجات میں1.8 فیصد کمی ہوئی جب کہ ایف بی آر کی ٹیکس وصولیوں میں25.3 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق آئندہ مہینوں میں معاشی سرگرمیوں میں اضافے کا امکان ہے۔