حزب اللہ کا حسن نصراللہ شہید کی دوبارہ تدفین کا اعلان

99

بيروت:جنگ بندی کے بعد حزب اللہ نے اپنے سابق سربراہ حسن نصر اللہ شہید کی ایک بار پھر تدفین  کی تیاری کااعلان  کرتے ہوئے کہا ہےکہ شہید حسن نصراللہ کو جنگی صورتحال کے پیش نظر امانتادفن کیا گیا تھا تاہم اب ان کی شایان شان کے مطابق پورے اعزاز کے ساتھ دفنایا جائے گا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حزب اللہ کی سیاسی کونسل کے نائب رہنما محمود قوماتی نے کہا ہے کہ بہت جلد عوامی اجتماع کے اندر حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کی تدفین پورے اعزاز کے ساتھ کی جائے گی، جس میں دنیا بھر سے اہم شخصیات شرکت کریں گی۔

خیال رہےکہ حزب اللہ نے شہید حسن نصراللہ کی تدفین کے حوالے سے صرف آگاہ کیا ہےکہ دوبارہ تدفین کی جائے گی، جس میں دنیا بھر سے اہم شخصیات شرکت کریں گی تاہم ابھی تک کسی بھی تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے کس دن تدفین دوبارہ کی جائےگی۔

واضح رہے کہ 27 ستمبر کو بیروت کے جنوبی علاقے پر اسرائیلی بمباری میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کو شہید کردیا گیا تھا، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ شہید کے جسد خاکی پر کوئی بڑا زخم کا نشان موجود نہیں تھا۔