علی امین گنڈا پور کا تیسری بار فرار ہونا وفاق کی ناکامی ہے، گورنر خیبرپختونخوا

190
Lawyers should play a role

پشاور:گورنر خیبر پختونخواہ ( کے پی کے ) فیصل کریم کنڈی کا کہنا  ہے کہ وفاقی حکومت تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے اسلام آباد سے بھاگ جانے کا جشن نہ منائیں ، علی امین گنڈا پور کا تیسری بار فرار ہونا وفاق کی ناکامی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر کےپی کے نے کہا کہ جو ملکی حالات خراب کرنا چاہتےہیں، ان کیخلاف کارروائی کرتےہوئے عملی اقدامات کرنا وفاقی حکومت کا کام ہے، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ اسلام آباد میں آگ لگانے کے بجائے کرم میں آگ بجھانے کا کام کرتے، لیکن افسوس انہوں نے ملک کو بدنام کرنے کی پلاننگ کی ہوئی تھی۔

انہوں نے مزید کہاکہ پی ٹی آئی کی قیادت کے علم میں یہ بات تھی کہ غیر ملکی وفد پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے مقصد سے آرہا ہے، ایسے موقع پر پر امن رہنے کے بجائے پی ٹی آئی کے لوگوں نے سانحہ نو مئی دہرانے کی کوشش کی۔

فیصل کریم کا مزید کہنا تھا کہ  وزیراعلیٰ کے پی کو صوبے کی صورتحال کے حوالے سے دعوت دوں گا، کرم میں راستے بند ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے، ضلع کرم میں متاثرہ خاندانوں کو خوراک مہیا کی گئی ہے، صوبائی حکومت نے کرم کے لوگوں کی کوئی مدد نہیں کی۔