ہم نے بھی دھرنے دیے ہیں، کارکن کو تشدد کے بغیر راستہ دکھانا ہوگا، مولانا فضل الرحمٰن

109

لاڑکانہ:مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ماضی میں ہم نے بھی دھرنے دیے ہیں، کارکنوں کو جدوجہد کا ایسا راستہ دکھانا ہوگا جو تشدد کے بغیر ہو۔

میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں احتجاج کے دوران ہونے والے پرتشدد واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔کارکنوں کے جذبات کو معتدل رکھنا اور درست سمت کا تعین ہی اچھے رہنما کی نشانی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب ایک قوم اور ایک ملک ہیں۔ کچھ کینال منصوبے سمیت تمام معاملات پر سب کا متفق ہونا ناگزیر ہے۔ جے یو آئی پہلے دن سے صوبائی خودمختاری کی حامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے معاملات صوبوں کی مشاورت کے ساتھ ہونا ضروری ہیں، کسی بھی صوبے کو احتجاج کی حد تک مجبور کردینا ٹھیک نہیں۔

مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف مستقل رابطے میں نہیں رہتی، اگر یہ رابطے میں رہیں تو میں ان کے لیے کردار ادا کر سکتا ہوں۔ قیادت کی بات نہیں کررہا لیکن کارکن اپنی قیادت اور نظریات کے ساتھ بہت مخلص ہوتا ہے۔

سربراہ جے یو آئی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ہم نے بھی دھرنے دیے ہیں، پی ڈی ایم کے تحت بڑے مارچ ہوئے، اسلام آباد میں آزادی مارچ میں 15 لاکھ سے زیادہ لوگ تھے لیکن کوئی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ ہمیں کارکنوں کو وہ راستہ دکھانا چاہیے جو بغیر تشدد کا ہو۔

ملک میں دہشت گردی کے واقعات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور کے پی کے اس سے زیادہ متاثر ہیں اور دونوں صوبائی حکومتیں سنجیدہ نظر نہیں آ رہیں۔موجودہ حالات کی وجہ 8 فروری کے انتخابات ہیں۔ تحریک انصاف کو کہا تھا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کی حمایت نہ کریں۔