انسانوں نے زمین سے پانی نکال کر اس کی گردش تبدیل کردی، ماہرین

105

واشنگٹن:تحقیق کاروں نے ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ انسانوں نے زمین سے پانی نکال کر اس کی گردش تبدیل کردی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق جیوفزیکل ریسرچ لیٹرز نامی ایک جرنل میں زمین کی گردش کے حوالے سے تازہ تحقیقی رپورٹ شائع کی گئی ہے جس میں ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ انسانوں نے 17 برس کے دوران (1993ء تا 2010) وسیع پیمانے پر زمین سے پانی نکال کر اس کی گردش ہی کو بدل کر رکھ دیا ہے۔ تشویش ناک درجے تک زمین سے پانی کھینچے جانے کے نتیجے میں امین کا جھکاؤ کم و بیش 80 سینٹی میٹر مشرق کی طرف ہوچکا ہے۔

قبل ازیں سائنس دانوں نے اس سے پہلے کی گئی تحقیق  کے نتائج سے متعلق بتایا تھا کہ پانی کے حرکت کرنے کے باعث زمین کچھ مختلف انداز سے گردش میں ہے، تاہم تازہ تحقیق کے نتیجے میں سائنس دان اندازہ لگا رہے ہیں کہ انسانوں کے مذکورہ 17 برس کے دوران زمین میں سے 2 ہزار 150 گیگا ٹن اپنی نکال لیا ہے،  جسے اسی دورانیے میں سطح سمندر میں 6 ملی میٹر کے اضافے کے برابر قرار دیا جا رہا ہے۔

سائنس دان  اس سے پہلے 2016ء میں پانی کی وجہ سے زمین کی گردش کے متاثر ہونے کو دریافت کر چکے تھے، تاہم  ماہرین اب تک زمین کے نیچے پانی کی وجہ سے زمین کی گردش بدلنے کے حوالے سے ابہام کا شکار ہیں جب کہ نئی تحقیق میں سائنس دانوں نے زمین کے گردشی قطب کے متاثر ہونے اور ایک جانب جھکنے کو پانی کی حرکت سے متعلق نتائج کو اس تحقیق کی بنیاد بنایا ہے۔

تحقیق کاروں نے رپورٹ میں بتایا کہ ان 17 برس کے دوران زمین کے نیچے سے سب سے زیادہ پانی شمالی امریکا کے مغرب اور شمال مغربی بھارت سے کھینچا گیا ہے۔