ایئر کراچی: شہر قائد کے تاجروں کا نئی فضائی کمپنی بنانے کا اعلان

207

کراچی: شہر قائد کے تاجروں نے ایئر کراچی کے نام سے نئی فضائی کمپنی بنانے کا اعلان کردیا۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق کراچی کے تاجروں نے بھی سیالکوٹ کی ایئرسیال کی طرح کراچی ایئر کے نام سے نئی فضائی کمپنی بنانے کا اعلان کردیا ہے، جو بہت جلد متعارف کروا دی جائے گی۔

ایئر کراچی کو ابتدائی طور پر سیکورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان  (ایس ای سی پی) میں رجسٹرڈ کروا لیا گیا ہے، جسکے بعد اب اگلے مراحل طے کیے جائیں گے۔

وفاق ایوانہائے تجارت و صنعت (ایف پی سی سی آئی) کے سابق سینئر نائب صدر حنیف گوہر نے کراچی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کو ایئر کراچی کے لائسنس کے حصول کے  لیے باقاعدہ درخواست کی گئی ہے، امید ہے چند دنوں میں ہم لائسنس حاصل کرلیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ کمپنی (کراچی ایئر) کے سی او سدرن کمانڈر ایئر وائس مارشل عمران  ہوں گے جب کہ شیئر ہولڈرز میں عقیل کریم ڈھیڈی، عارف حبیب، ایس ایم تنویر، بشیر جان، خالد تواب، زبیر طفیل، حمزہ تابانی اور دیگر ہوں گے۔

حنیف گوہر کا کہنا تھا کہ ایئر کراچی کو 5 ارب روپے کی سرمایہ کاری سے شروع کیا جا رہا ہے۔ ابتدائی طور پر 3 طیارے لیز پر حاصل کیے جائیں گے اور بعد ازاں وقت کے ساتھ ساتھ وسیع کرتے ہوئے پروازوں کا سلسلہ ملکی سے غیر ملکی سطح تک لے جایا جائے گا۔