کندھکوٹ(نمائندہ جسارت) چار دن قبل انڈس ہائی وے نائچ گوٹھ کے قریب پاک مدینہ ہوٹل سے اغوا ہونے والے مغویوں کے اہل خانہ کو ڈاکوئوں نے فون کال کر کے کہا کہ جب تک پولیس ہمارے گرفتار رشتے داروں کو نہیں چھوڑے گی ہم آپ کے مغویوں کو نہیں چھوڑیں گے۔ ڈاکوئوں نے مغویوں کے اہل خانہ سے فرمائش کرتے ہوئے کہا کہ آپ روڈ بند کریں دھرنا دیں جیسے پولیس ہمارے رشتے داروں کو آزاد کرے۔ اگر آپ نے ایسا نہیں کیا اور پولیس نے ہمارے رشتے داروں کو نہیں چھوڑا تو ہم تینوں مغویوں کو قتل کر دیں گے۔ اس سلسلے میں پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوئوں کا گھیرا تنگ کیا ہوا ہے عنقریب سب مغویوں کو باحفاظت بازیاب کرایا جائے گا۔ یاد رہے کہ ڈاکوئوں نے ہتھیاروں کے زور پر ہوٹل پر دھاوا بول کر ایک ٹرک ڈرائیور لطیف اللہ پٹھان ہوٹل کے مزدور حبیب اللہ سرکی اور ظہیر احمد چاچڑ کو اغوا کیا تھا۔ اب تک کشمور تحصیل سے8 افراد راجیش کمار، آصف علی،غلام حسین دشتی اور سومرو ڈاکوئوں کے چنگل میں قید ہیں۔ مغویوں کے گھروں میں صف ماتم بچھا ہوا ہے۔ علاقے میں خوف کے بادل منڈلا رہے ہیں۔