سازش کے تحت ملکی حالات خراب کئے جارہے ہیں،ذکراللہ مجاہد

116

لاہور (وقائع نگارخصوصی)قائمقام امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک کے اندر حالات خراب کیے جا رہے ہیں، ملک پہلے ہی بحرانوں کی زد میں ہے، تمام فریقوں کو آئین و قانون احترام کرنا ہوگا، 90کی دہائی والی سیاست کسی بھی طور پر ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔ عوام مشکلات کا شکار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بے حسی کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔ ملک غیر اعلانیہ مارشل لاء￿ کی زد میں ہے۔ آئین کے ساتھ کھلواڑ حکمرانوں کے گلے کی ہڈی ثابت ہوگا۔ حکمران اتحادی جماعتیں ملک کو بند گلی کی طرف دھکیل رہی ہیں۔ فارم 47کی جعلی حکومت ملک و قوم پر بھاری ہو چکی ہے۔ بد قسمتی سے پی ڈی ایم ٹو کی حکومت کے پاس بھی کسی قسم کا کوئی معاشی ایجنڈا نہیں ہے،عوام کو ریلیف کے نام پر لالی پاپ دیا جا رہا ہے، کچن کینبٹ کے فیصلے اشرافیہ کے مفادات کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔ مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔ ملکی معیشت کا ستیاناس ہو چکا ہے۔ ملک چوروں، لٹیروں اور کرپٹ افراد کی جنت بن چکا ہے۔مسلم لیگ نون، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی جو بھی بر سرا قتدار آیا اس نے مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ عوام بنیادی حقوق کے لیے ترس رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ 25کروڑ عوام کی کسی کو کوئی فکر نہیں۔ ہر ادارے میں اور شعبہ میں کرپشن کی انتہا ہو چکی ہے،جب تک حکومت اداروں کے اندر سے کالی بھیڑوں کو نہیں نکالے گی اور چور راستوں کو بند نہیں کرے گی اس وقت تک اداروں کو درپیش مسائل، خسارے اور کرپشن کا قلع قمع ممکن نہیں۔ ذکر اللہ مجاہد نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اس وقت جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی سیاسی پارٹی عوام کے حقوق کے لیے بات نہیں کررہی۔ ملک میں بڑی تبدیلی کی ضرورت ہے اور وہ تبدیلی صرف جماعت لاسکتی ہے اس کے لیے کہ ہمارے پاس منظم تنظیم اور مخلص ٹیم موجود ہے جس کا دامن ہر قسم کی کرپشن سے پاک ہے۔ ملک میں فارم 47 کے زریعے بدترین حکومت اور گورننس کو قائم کیا گیا ہے۔ عوام ظلم کے اس نظام کے خلاف امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔