محراب پور،کباڑ مافیا نے ایس ایچ او کا حکم ہوا میں اڑادیا

97

محراب پور(جسارت نیوز)محراب پور کی کباڑ مافیانے ایس ایچ او کے حکم کو ہوا میں اڑا دیا، کباڑ خانوں پر سی سی ٹی وی کمیرہ لگانے سے انکار، نجی جگہوں پر چوری کا سامان خریدنے لگے، محراب پور شہر کباڑ کا سامان خریدنے والے کباڑیوں کیخلاف عوامی احتجاج اور میڈیا نشاہی پر ایس ایچ او محراب پور پولیس تھانہ یاسر کھوسو نے تمام کباڑیوں کو پولیس تھانہ بلا کر آخری تنبیہ کے ساتھ تمام کباڑ خانوں پر سی سی ٹی وی کیمرہ ، یو پی ایس اور بیٹری کے ساتھ لگانے کے احکامات دیے لیکن ایک ہفتہ گزر جانے کے باوجودکباڑ خانوں پر سی سی ٹی وی کیمرہ نہیں لگے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کباڑیوں نے نجی جگہ اور کرایہ کے گھروں میں چوری کا سامان خریدنے کے مراکز قائم کرلیے ہیں اورسابق ایڈیشنل ایس ایچ او غلام نبی چنا کے محراب پور کباڑی یونین کے صدر ہونے کی وجہ سے محراب پور پولیس تھانہ کے پولیس عملے کی کباڑیوں کو حمایت حاصل ہے جو ہفتہ وار بھتا بھی وصول کرتے ہیں اور تھانے کی رپورٹ کباڑیوں تک پہنچاتے ہیں ، انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آبزرور نوشہرو فیروز کے کوآرڈینیٹر محمد سلیم مغل کے مطابق ان کے بھتیجوں کی دو موٹر سائیکلیں چوری ہوئی جو کباڑیوں کو فروخت کی گئیں ، پولیس نے ڈیڑھ سال قبل کوٹری کبیر روڈ سے ایک کباڑی بہرام نوناری کو درجنوں موٹر سائیکل اور پرزہ جات سمیت گرفتار کیا تھا۔ انہوں نے ایس ایس پی نوشہرو فیروز سے نوٹس کا مطالبہ کیا ہے۔