فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ ،جنرل سیکرٹری یاسراقبال کھارایڈووکیٹ نے پارا چنار میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو فرقہ وارانہ فسادات کی ایک گہری اور منظم سازش قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ ملک دشمنوں کی جانب سے عوام کو تقسیم اور ملک کو کمزور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ ملک بھر کے عوام کے درمیان شیعہ سنی کی کوئی تفریق موجود نہیں۔بعض ملک دشمن عناصر اور قوتیں پارا چنار کے واقعات کو مذہبی رنگ دے کر اتحاد ِ امت کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں۔مسلمان جسد واحد ہیں ان میں تفریق اور تقسیم پیدا کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔انہوں نے حکومتی ناا ہلی و بے حسی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی عوام کے تحفظ میں ناکامی اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کی ایک دوسرے پر الزام تراشی کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سانحہ کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کرائی جائیں۔ حکومت و قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔ پاراچنار میں ہونے والی اموات کی ذمہ داری حکومت اور سیکوریٹی اداروں پر عائد ہوتی ہے۔ صوبائی حکومت نے بھی شہریوں کے تحفظ کیلئے بروقت عملی اقدامات نہیں کئے۔ انہوں نے علما کرام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ عوام کے درمیان مذہبی ہم آہنگی و رواداری کے فروغ اور اتحاد ِ امت کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور جمعہ کے خطبات میں اس سلسلے میں عوام میں آگاہی پیدا کریں ۔