میرپورخاص(نمائندہ جسارت) غیر قانونی موٹرسائیکل ریس کے خلاف عدالت کا سخت نوٹس کارروائی کیلیے پولیس کو حکم جاری۔ تفصیلات کے مطابق سول جج و جوڈیشل مجسٹریٹ ٹو میرپورخاص وقار احمد پنھور نے میرپورخاص حیدرآباد روڈ پر غیر قانونی بائیک ریسنگ کے خلاف سخت نوٹس لیتے ہوئے ضلع پولیس کو قانونی کارروائی کرنے کا حکم دے دیا ہے عدالت کو موصولہ اطلاعات کے مطابق نابالغ اور نوجوان لڑکوں کی جانب سے ہر جمعہ کو عصر سے عشاء تک ہونے والی بائیک ریسنگ کی وجہ سے حادثات پیش آ رہے ہیں اور ٹریفک کے مسائل بھی پیدا ہو رہے ہیں ۔عدالت نے حکم دیا ہے کہ غیر قانونی بائیک ریسنگ میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کر کے ان کی موٹر سائیکلیں ضبط کی جائیں، ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور علاقے میں مستقل چیک پوسٹیں بھی قائم کی جائیں عوامی آگاہی مہم کے ذریعے نوجوانوں کو ان سرگرمیوں کے خطرات سے آگاہ کیا جائے۔ ایس ایچ اوز اور ٹریفک انچارج کو ہدایت دی گئی ہے کہ اس سلسلے میں کی جانے والی کارروائی کے اقدامات کی رپورٹ 30 نومبر تک عدالت میں پیش کی جائے۔