چیمپئنز ٹرافی کے مستقبل کے حوالے سے 3دن اہم ، 29نومبر اجلاس طلب

19

کراچی (سید وزیر علی قادری) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے مستقبل پر غور کے لیے 29 نومبر کو بورڈ میٹنگ بلالی۔ آئی سی سی کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ یہ میٹنگ آن لائن منعقد ہوگی اور تمام بورڈ ممبران کو ایجنڈا بھیج دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق میٹنگ کے دوران چیمپئنز ٹرافی کے شیڈولنگ اور مستقبل پر غور کیا جائے گا، اجلاس میں چیمپئنز ٹرافی پر مختلف آپشنز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ان آپشنز میں چیمپئنز ٹرافی کا ہائبرڈ ماڈل، پاکستان سے مکمل منتقلی یا ٹورنامنٹ کا التوا شامل ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ بورڈ کی ترجیح
چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل کو اپنانا ہے، تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی اس ماڈل کی مخالفت کرچکا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ اراکین کی رائے اور تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی پر آئی سی سی کوئی حتمی فیصلہ کرے گا۔ دریں اثنا آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر جے شاہ کا محسن نقوی سے رابطے کا امکان اب ختم ہوچکا ہے۔ یہ ہی نہیں گزشتہ ایک ہفتے سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کے اعلان کے حوالے سے خبریں میڈیا کی زینت بنی ہوئی تھیں کہ رواں ہفتے متوقع ہے۔ لیکن اب صورتحال بالکل یکسر پیچیدگی کی طرف جارہی ہے۔ یہ بھی قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ پاکستان مالی فوائد کی غیر معمولی پیشکش پر اپنا موقف بدل سکتا ہے اور بھارتی خواہش پر ایونٹ متحدہ عرب امارات میں منتقل ہوجائے ۔ تاہم پاکستانی مداح اور شائقین پریشان ہیں کہ 1996کے بعد بڑے ایونٹ کی میزبانی پی سی بی کو ملتی بھی ہے یا نہیں۔ یہ تو 29نومبر کے اجلاس کے بعد ہی حتمی طور پر معلوم ہوسکے گا۔ واضح رہے کہ بھارتی میڈیا بھارت پاکستان آکر ٹورنامنٹ کھیلنے سے انکار کو بریکنگ نیوز کے طور پر چلارہا ہے جبکہ دوسری جانب پاکستان کسی بھی ہائبرڈ ماڈل قبول نہ کرنے کے اپنے مو¿قف پر قائم ہے۔ ادھر بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث نہ صرف آئی سی سی نے تاحال شیڈول کا اعلان نہیں بلکہ 29نومبر کو بلائی جانے والی آن لائن میٹنگ کے حوالے سے چہ میگوئیاں بھی زور پکڑتی جارہی ہیں کہ ممکن ہے اگر پاک بھارت تنازعہ حل ہونے کی صورت نظر نہ آئی تو ایونٹ منسوخ یا ملتوی بھی کیا جاسکتا ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو آئی سی سی کو براڈ کاسٹرز کی جانب سے سخت دبا ﺅکا سامنا رہے گا اور وہ عالمی کرکٹ تنظیم کے خلاف قانونی چارہ جوئی بھی کرسکتے ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی